بنگلورو،26؍جولائی(ایس او نیوز) ریاستی حکومت کی طرف سے عنقریب عدالت کے احکامات کی روشنی میں 75پولیس سب انسپکٹروں کو ترقی کے دینے کے سلسلے میں فیصلہ لیاجائے گا۔ یہ بات آج نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے بتائی۔
اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ درج فہرست ذاتوں اور قبائل کو ترقی میں ریزرویشن دینے کے متعلق سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے اور ریزرویشن کے متعلق مسودۂ قانون پر صدر جمہوریہ کی مہر کا انتظار کیا جارہاتھا۔صدر جمہوریہ نے قانون کو منظوری دے دی ہے، عنقریب اس معاملے میں سپریم کورٹ کا قطعی فیصلہ بھی آجائے گا۔ اس کے بعد اہلیت کی بنیاد پر درج فہرست ذاتوں اور قبائل سے وابستہ سرکاری ملازمین کو ترقی میں ریزرویشن کاسلسلہ رائج کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ ترقی کے مستحق 75 سب انسپکٹروں کو اسی بنیاد پر ترقی کے احکامات جاری کئے جائیں۔